بھٹکل15؍ جولائی (ایس او نیوز) گزشتہ دو سالوں سے ضلع شمالی کینرا کے ایس پی کے طور پر خدمات انجام دے رہے شیوا پرکاش دیوراجو کا تبادلہ کردیا گیا ہے اور ان کی جگہ آئی پی ایس آفیسر ورتیکا کٹیار کو ضلع ایس پی بنا دیا گیا ہے ۔ اس طرح ورتیکا کٹیار ضلع کی پہلی خاتون ایس پی کے طور پر تعینات کی گئی ہیں۔
اترپردیش کی رہنے والی ورتیکا 2010 کے بیچ سے تعلق رکھتی ہیں ۔ اس سے قبل وہ گوکاک تعلقہ میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی حیثیت سے خدمات دینے کے بعد کوڈاگو اور دھارواڑ ضلع کے علاوہ کے ایس آر پی ریسرچ سینٹر کی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں ۔ فی الحال وہ بنگلور میں اسٹیٹ کرائم برانچ کے ریکارڈس سیکشن کی ایس پی کے عہدہ پر فائز تھیں ۔
ضلع شمالی کینرا میں اس سے قبل خاتون ایس پی تو نہیں البتہ ضلع ڈپٹی کمشنر کے طور پرانکاگلو جامیر کا تقرر ہوا تھا۔ اِس وقت ضلع میں اعلیٰ منصبوں پر فائز خواتین کی بات کریں تو سیاسی طور پر کاروار انکولہ حلقہ سے روپالی نائک رکن اسمبلی ہیں ۔ سرکاری عہدوں کی فہرست میں ایم پریانگا آئی اے ایس ضلع پنچایت سی ای او، کاروار اسسٹنٹ کمشنر ودیا شری چندرگی کے اے ایس ، سرسی اسسٹنٹ کمشنر آکرتی بنسال، بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی کے اے ایس، ڈپٹی کمشنر محکمہ آبکاری ایم وناجاکشی کے ساتھ ساتھ بھٹکل پی ایس آئی سُما، بھٹکل رینج فوریسٹ آفسر سویتا دیواڑیگا اور ایک روز قبل ہی بھٹکل ٹاون میونسپل چیف آفسر کے طور پر رادھیکا ایس این کے ساتھ اب ضلع کی ایس پی کے طور پر ورتیکا کٹیار آئی پی ایس کا نام بھی شامل ہوگیا ہے۔